پونے،9؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر کے پونے میں پارٹی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے این سی پی سربراہ شرد پوار نے پی ایم مودی پر بڑا حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ویسے تو پی ایم مودی ٹھیک رہتے ہیں، لیکن انتخابات کے دوران ان پر ’جنون‘ سوار ہو جاتا ہے۔ پوار نے اتوار کے روز پارٹی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے انفرادی طور پر کسی کی تنقید سے بچنے کی صلاح دی اور کہا کہ ’’میں آپ سے کہنا چاہوں گا کہ نجی طور پر کسی کی بھی تنقید نہ کریں۔ جب ملک کے وزیر اعظم نے یہ ذمہ داری سنبھال رکھی ہے تو آپ کو اس میں کیوں پڑنا؟‘‘
این سی پی صدر نے اپنی فیملی کے اراکین کے درمیان تنازعہ کے دعوے پر پی ایم نریندر مودی کے خلاف جوابی حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم مودی نے وردھا میں کہا تھا کہ میری فیملی میں تنازعہ چل رہا ہے۔ کہاں تنازعہ ہے؟ ہم الگ الگ سیکٹر میں کام کرتے ہیں، لیکن ایک ساتھ رہتے ہیں۔ انھیں (پی ایم مودی) کسی دوسرے گھر کی بات کرنی چاہیے۔‘‘ پوار نے کہا کہ میں انھیں بتانا چاہوں گا کہ ہم بھائی مہذب ماحول میں پلے بڑھے ہیں اور ہماری ماں نے ہمیں اچھی قدریں سکھائی ہیں۔
غور طلب ہے کہ پی ایم مودی نے یکم اپریل کو وردھا کی ایک ریلی میں کہا تھا کہ پوار کا این سی پی سے کنٹرول کھسکتا جا رہا ہے، اور ان کی فیملی میں تنازعہ چل رہا ہے۔ پی ایم مودی کے اسی بیان پر شرد پوار نے جوابی حملہ کیا ہے۔ اس سے پہلے پوار نے بھی پی ایم مودی کا نام لیے بغیر بڑا حملہ کیا تھا۔ پوار نے کہا تھا کہ وہ ہر ایرے غیرے کی تنقید کی پروا نہیں کرتے۔